بیوہ خاتون کی زمین پر مداخلت، فصل کٹائی روک دی
وہاڑی میں بیوہ سکینہ بی بی کی دہائی، دیور پر دھمکیاں دینے کا الزام
وہاڑی (خبر نگار) نواحی علاقہ 232 ای بی کی رہائشی بیوہ خاتون سکینہ بی بی نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مبینہ زیادتی کے خلاف انصاف کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کا دیور ان کی ملکیتی زمین میں بلاجواز مداخلت کر رہا ہے اور انہیں اپنی ہی فصل کاٹنے سے روک رہا ہے ۔سکینہ بی بی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹوں نے سارا سال محنت کر کے گندم کی فصل تیار کی، مگر اب کٹائی کے وقت انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیور اور اس کے ساتھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر انہیں کھیت میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں جس سے ان کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک غریب اور بے سہارا بیوہ خاتون ہیں اور ان کے بچوں کا گزر بسر اسی فصل پر منحصر ہے ۔ اگر بروقت کٹائی نہ ہوئی تو ان کے خاندان کو شدید مالی مشکلات اور فاقہ کشی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔سکینہ بی بی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لے کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ انہیں اپنی زمین پر تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ بلاخوف گندم کی کٹائی مکمل کر سکیں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنا سکیں۔