عبدالحکیم سے زکریا یونیورسٹی ملتان تک بس سروس کا مطالبہ
سفری سہولت نہ ہونے پر طلبہ کو مشکلات، مہنگے ہاسٹل،تعلیم متاثر ہونے لگی
عبدالحکیم (نامہ نگار، سٹی رپورٹر) تعلیمی اداروں اور طلبہ نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالحکیم سے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان تک فوری بس سروس شروع کی جائے تاکہ طلبہ کو آمدورفت میں آسانی میسر آ سکے ۔طلبہ کا کہنا ہے کہ ہاسٹل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث بیشتر طلبہ رہائش اختیار کرنے سے قاصر ہیں، جس کی وجہ سے انہیں روزانہ سفر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اگر باقاعدہ بس سروس فراہم کی جائے تو طلبہ باآسانی روزانہ یونیورسٹی آ جا سکیں گے اور ان کا قیمتی وقت بھی بچ سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مناسب ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور طلبہ کی حاضری بھی کم ہو رہی ہے ۔ طلبہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری اقدامات کرتے ہوئے بس سروس کا اجرا یقینی بنائے تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں اور وہ بہتر انداز میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔