کوٹ ادو میں مچھر مار سپرے مہم کا مطالبہ شدت اختیار کر گیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر کوٹ ادو اور اس کے گردونواح بالخصوص دیہی علاقوں میں مچھروں، مکھیوں اور دیگر حشرات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث مچھر مار سپرے مہم کے آغاز کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی اور نمی کے موسم میں مچھروں کی افزائش تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کے باعث ملیریا، ڈینگی، وائرل بخار اور دیگر موسمی بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں نے نشاندہی کی کہ شہر کے وسط سے گزرنے والی لوئر کوٹ سلطان نہر جو کئی ماہ سے بند ہے ، وہاں بھی مچھروں کی افزائش میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔۔ جس سے قریبی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے ۔اسی طرح دیہی یونین کونسلز اور نواحی بستیوں میں صفائی کی ناقص صورتحال اور نکاسی آب کے غیر مؤثر نظام کے باعث بھی حشرات کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ پورے ضلع میں فوری طور پر مؤثر اور مربوط مچھر مار اسپرے مہم شروع کی جائے اور اسے بلا تفریق شہری و دیہی علاقوں میں جاری رکھا جائے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مستقل مانیٹرنگ کے بغیر اس مسئلے پر قابو پانا ممکن نہیں، لہٰذا ضلعی انتظامیہ فوری عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کو بیماریوں کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے ۔