ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے لیکچرز کا اہتمام
وہاڑی (خبر نگار)شفٹ انچارج پٹرولنگ پولیس رتہ ٹبہ غلام عباس جوئیہ نے عوام میں ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے مختلف مقامات پر لیکچرز دئیے ۔
انہوں نے شہریوں، ڈرائیورز اور گاڑی مالکان کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے مکمل کاغذات کا ہونا نہایت ضروری ہے جبکہ قوانین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بنتی ہے ۔غلام عباس جوئیہ نے کہا کہ ایس پی پٹرولنگ ملتان ریجن عمران جلیل خان پٹرولنگ پولیس شاہرات پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آگاہی مہمات کا مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکے ۔