بوریوالا ،فیملی پارک میں کھلے مین ہولز،حادثات کا خطرہ
نشاندہی کے باوجود انتظامیہ خاموش، بچوں اور خواتین کی جانیں خطرے میں
بورے والا (سٹی رپورٹر) چونگی نمبر 5 پر واقع فیملی پارک میں کھلے ہولز کے باعث شہریوں کو شدید حادثات کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث صورتحال جوں کی توں برقرار ہے ۔تفصیلات کے مطابق تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل اسسٹنٹ کمشنر اور سی او بلدیہ بورے والا کے دورے کے دوران ایک شہری نے پارک کی دیوار کے ساتھ بنے خطرناک کھلے ہولز کی نشاندہی کی تھی، جن میں گر کر کوئی بھی شہری زخمی ہو سکتا ہے ۔ موقع پر موجود افسران نے فوری طور پر ان ہولز کو ڈھکن لگا کر بند کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔تاہم شہریوں کے مطابق افسوسناک امر یہ ہے کہ تاحال ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا سکا اور صورتحال جوں کی توں ہے ، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ہدایات صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہ گئی ہیں۔پارک میں آنے والے شہریوں خصوصاً بچوں اور خواتین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور خطرناک ہولز کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے ۔