سولر سسٹم رجحان، میپکو کامالی بحران ،بوجھ غریب طبقہ پر منتقل
صارفین کی بڑی تعداد نیشنل گرڈ سے الگ، ریونیو میں کمی، جامع پالیسی بنانے کا مطالبہ
گگو منڈی (نامہ نگار) میپکو کو صارفین کی بڑی تعداد کے سولر سسٹم پر منتقل ہونے کے باعث شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے ، جس کے اثرات عام صارفین پر پڑنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق وہ صارفین جو ماہانہ بھاری بجلی بل ادا کرتے تھے ، اب نیشنل گرڈ سے علیحدہ ہو کر سولر توانائی استعمال کر رہے ہیں، جس سے میپکو کے ریونیو میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس صورتحال کے باعث مالی بوجھ کا بڑا حصہ غریب اور متوسط طبقے پر منتقل ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافے نے انہیں متبادل ذرائع اپنانے پر مجبور کیا، جبکہ ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان جاری رہا تو مستقبل میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے ، جس کا براہ راست اثر عام صارفین پر پڑے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ تقسیم کار کمپنیوں کیلئے مقررہ اہداف کا حصول مشکل ہوتا جا رہا ہے ، جس کے باعث بعض علاقوں میں ایوریج بلنگ اور ڈٹیکشن کے ذریعے کمی پوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ادھر ریکوری کیلئے میپکو نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں جنہیں پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل ہے ، جس سے شہریوں میں خوف اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے نظام میں توازن کیلئے مؤثر پالیسی مرتب کی جائے ۔