غیرت کے نام پر قتل کیس، مجرم اکرم پٹھان کو سزائے موت
وہاڑی ،میلسی،دوکوٹہ (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ،نمائندہ دنیا ، نامہ نگار ) ایڈیشنل سیشن جج میلسی عرفان نسیم تارڑ نے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم اکرم خان پٹھان کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نواحی علاقے موضع رتھ سعی میں غیرت کے نام پر اٹھارہ سالہ مقامی کرکٹر زین آرائیں کے بہیمانہ قتل اور لاش کو نذر آتش کرنے کے مقدمہ میں عدالت نے فیصلہ سنایا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم اکرم پٹھان نے 17 جنوری 2025ء کو مقتول کو اپنے گھر بلا کر تیز دھار آلے سے قتل کیا، بعد ازاں اس کی گردن تن سے جدا کر کے لاش کو قریبی کھیت میں جلا کر مسخ کر دیا۔ ملزم کو شبہ تھا کہ مقتول کے اس کی بیوی سے ناجائز تعلقات ہیں۔ واقعہ کے بعد پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے پولیس کی تفتیش اور شواہد کی بنیاد پر جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی۔ فیصلے کے بعد مقتول کے ورثاء نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف کی فراہمی قرار دیا۔