جہانیاں،نہر سے نامعلوم لڑکی کی سر کٹی لاش برآمد
ایک ہفتے میں دو خواتین کی لاشیں ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا
جہانیاں (نمائندہ دنیا) جہانیاں نہر سے ایک نامعلوم 22 سالہ لڑکی کی سر کٹی لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ ریسکیو 1122 اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش نہر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی۔تفصیل کے مطابق چک نمبر 136 دس آر موگہ آصف مارکی کے قریب نہر سے ایک نوجوان لڑکی کی لاش دیکھی گئی جس پر مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ ٹھٹھہ صادق آباد کی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔پولیس کے مطابق لاش بظاہر تازہ ہے اور لڑکی کی عمر تقریباً 20 سے 22 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے تاہم شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جہانیاں منتقل کر دیا گیا ہے۔
جہاں پوسٹ مارٹم جاری ہے ۔ایس ایچ او ملک سرفراز نے بتایا کہ ورثا کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے ۔واضح رہے کہ پانچ روز قبل بھی اسی نہر سے ایک اور نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کے بعد ایک ہفتے میں دو خواتین کی لاشیں ملنے سے علاقے میں خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ پولیس نے تحقیقات مزید تیز کر دی ہیں۔