وہاڑی چاندنی پارک میں معرکہ حق کی یاد میں جشن ،آتشبازی
میوزیکل کنسرٹ،ملی نغموں، تقاریر، بچوں کے ٹیبلوز، ڈاچی ڈانس پیش کیا گیا
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)ضلعی انتظامیہ وہاڑی کے زیر اہتمام چاندنی پارک میں آپریشن بنیان مرصوص کی یاد میں شاندار جشن منایا گیا جس میں میوزیکل کنسرٹ اور رنگا رنگ آتشبازی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے فیتہ کاٹ کر تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایم این اے تہمینہ دولتانہ، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید، ایم پی اے نعیم خان بھابھہ، ایم پی اے ملک نوشیر انجم لنگڑیال اور رانا طاہر کریم خان نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد معروف گلوکار سیف علی اور گلوکارہ سعدیہ ہاشمی نے شاندار پرفارمنس پیش کی اور پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ملی نغموں، تقاریر، بچوں کے ٹیبلوز، ڈاچی ڈانس اور بھنگڑے نے شرکاء کے دل جیت لیے ۔ چاندنی پارک حب الوطنی کے نعروں سے گونج اٹھا۔معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر شہریوں میں بھرپور جوش و خروش دیکھا گیا۔ فیملیز نے فوڈ اسٹالز سے لطف اٹھایا جبکہ بچوں نے جھولوں سے خوب انجوائے کیا۔ شاندار آتشبازی نے آسمان کو رنگوں سے بھر دیا۔مہمانان خصوصی نے معرکہ حق کی کامیابی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔ تقریب نے شہریوں کو اتحاد، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا خوبصورت پیغام دیا۔