ملتان بورڈ نے بائیو میٹرک رجسٹریشن لازمی قرار دے دی
میٹرک، انٹر طلبہ کیلئے لائیو تصویر اور انگوٹھوں کے نشانات لازمی ہوں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کی رجسٹریشن کے عمل کو شفاف اور محفوظ بنانے کیلئے بائیو میٹرک اور لائیو تصویر کی تصدیق لازمی قرار دے دی۔ اس حوالے سے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے ۔بورڈ انتظامیہ کے مطابق تعلیمی سال 2026-28 کیلئے آن لائن رجسٹریشن اور داخلہ فارم جمع کرانے والے طلبہ کے دونوں انگوٹھوں کے نشانات اور لائیو فوٹو سکین کی جائے گی تاکہ امیدواروں کا ریکارڈ درست اور شفاف انداز میں محفوظ بنایا جا سکے ۔حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد جعلی اندراج، بوگس امیدواروں اور امتحانی بے ضابطگیوں کی روک تھام ہے ۔ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹریشن کے وقت طلبہ کا مکمل بائیو میٹرک ڈیٹا اور لائیو تصویر بروقت اپ لوڈ کی جائے تاکہ بعد ازاں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بائیو میٹرک اور لائیو فوٹو کے بغیر طلبہ کی رجسٹریشن یا داخلہ مکمل تصور نہیں ہوگا۔
، جبکہ اس ضمن میں تمام تر ذمہ داری متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان پر عائد ہوگی۔بورڈ انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو فوری انتظامات مکمل کرنے اور طلبہ و والدین کو نئے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ رجسٹریشن کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔