چیمبرسمال ٹریڈرز ملتان کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد
تاجر رہنماؤں کا ظفر اقبال صدیقی اور نئی قیادت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
وہاڑی(خبرنگار) چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان کے حالیہ انتخابات میں ظفر اقبال صدیقی کی کامیابی کو تاجر برادری کے اعتماد اور ان کی ماضی کی خدمات کا مظہر قرار دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے وہاڑی سے ممبر مختار احمد بھٹی نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ ظفر اقبال صدیقی کی کامیابی ان کی تاجر دوست جدوجہد اور مسلسل خدمات کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی میں خواجہ شفیق کی مخلص اور دلیرانہ قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے حقیقی اور مسائل سے آگاہ نمائندوں کو ہی منتخب کرتی ہے ۔ یہ نتائج تاجروں کے اتحاد اور ان کے اعتماد کی واضح مثال ہیں۔مختار احمد بھٹی نے نو منتخب جنرل سیکرٹری عزیز الرحمن انصاری اور گروپ سربراہ شیخ طاہر انجم کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کی بہتری کیلئے مؤثر کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے نائب صدر ارشاد حسین بھٹی، ریل بازار کے صدر چوہدری محمد رفیق اور لیگل ایڈوائزر شیخ فضل الرحمان ایڈووکیٹ بھی موجود تھے جنہوں نے نئی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔