ہیڈ سدھنائی پر سیلاب سے نمٹنے کی فرضی مشقیں مکمل
ریسکیو 1122سمیت مختلف اداروں کی ہنگامی تیاریوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر اعجاز انجم کی زیر نگرانی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ہیڈ سدھنائی دریائے راوی پر فرضی مشقیں کی گئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل عباس نے مشقوں کا معائنہ کیا۔تفصیلات کے مطابق فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122 کے ساتھ ساتھ سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کے انخلاء، ڈوبنے والوں کو بچانے اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مریضوں کو بروقت ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کرنے کی مشق بھی کی گئی جبکہ مختلف اداروں کی جانب سے امدادی کیمپس قائم کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔