عیدالاضحیٰ پر ستھرا پنجاب ویژن کے تحت صفائی پلان تیار

عیدالاضحیٰ پر ستھرا پنجاب ویژن کے تحت صفائی پلان تیار

ضلع مظفر گڑھ میں ہزاروں کاعملہ، کنٹرول رومز اور ویسٹ بیگز کی تقسیم کا فیصلہ

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کے تحت عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی اور آلائشوں کی بروقت تلفی کیلئے ضلع مظفرگڑھ میں جامع پلان تیار کرلیا گیا ہے ۔تفصیل کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی مظفرگڑھ یوسف چھینہ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ عید کے دوران مظفرگڑھ، علی پور اور جتوئی میں 4 ہزار 936 افراد پر مشتمل فیلڈ عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایات پر 153 سپروائزرز، 3ہزار 407سینیٹری ورکرز، 953 ڈرائیورز اور 420 ہیلپرز خدمات انجام دیں گے ۔ آلائشوں کی فوری منتقلی کیلئے 49 عید کیمپس اور عارضی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ کنٹرول رومز بھی فعال کردیئے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق میونسپل کمیٹیز میں 20، یونین کونسلز میں 78 اور مویشی منڈیوں میں 6 خصوصی کیمپس قائم ہوں گے ۔ آلائشوں کی محفوظ تلفی کیلئے 40 گڑھے کھودے گئے ہیں جبکہ شہریوں میں 2 لاکھ 76 ہزار 500 ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 3 ہزار 500 لیٹر عرق گلاب اور 3 ہزار 500 لیٹر فینائل کا اسپرے کیا جائے گا جبکہ صفائی سے متعلق شکایات کیلئے ہیلپ لائن 1139 مکمل طور پر فعال رہے گی۔ آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں تاکہ صفائی مہم کامیاب بنائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں