وہاڑی:مبینہ بجلی چوری پکڑنے پر میپکو اہلکار تشدد کا نشانہ

وہاڑی:مبینہ بجلی چوری پکڑنے پر میپکو اہلکار تشدد کا نشانہ

میٹر چیکنگ کے دوران ملزمان کا حملہ، شدید زخمی لائن مین ہسپتال منتقل کردیا گیا

وہاڑی،بوریوالا،گگومنڈی(نمائندہ خصوصی، نامہ نگار، نمائندہ دنیا)نواحی گاؤں 417 ای بی میں مبینہ بجلی چوری پکڑنے پر میپکو ٹیم پر حملہ کردیا گیا جس کے نتیجہ میں لائن مین شدید زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق میپکو بورے والا سرکل کا لائن مین رانا غلام مصطفیٰ بجلی چوری کی شکایت پر صارف سعید کے میٹر کی جانچ اور تبدیلی کیلئے گاؤں 417 ای بی پہنچا۔ ذرائع کے مطابق میٹر میں مبینہ طور پر ٹمپرنگ کرکے بجلی چوری کی جارہی تھی۔ میٹر تبدیل کرنے کے دوران ملزم اور میپکو اہلکار کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔الزام ہے کہ سعید نے اپنے ساتھیوں محمد نعیم، عمر فاروق اور دیگر افراد کے ہمراہ لائن مین پر حملہ کردیا۔ ملزمان نے اینٹوں، ڈنڈوں اور سوٹوں کے وار کرکے رانا غلام مصطفیٰ کو شدید زخمی کردیا جو خون میں لت پت ہوکر زمین پر گر پڑا۔زخمی اہلکار کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلئے جبکہ میپکو حکام نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں