میلسی:دو ٹرانسفارمر جل گئے متعدد علاقوں میں بجلی بند
میلسی(نامہ نگار) محلہ گئو شالہ فرسٹ سب ڈویژن میلسی کا 200 کے وی اے اور گورنمنٹ ہائی سکول محلہ ہری پورہ کا 100 کے وی اے ٹرانسفارمر جل جانے سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے باعث متعلقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی بند ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ایکسین میپکو ڈویژن میلسی چودھری محمد اکرم جاوید جٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکایات موصول ہوتے ہی ٹرانسفارمرز کو ٹی آر ڈبلیو ورکشاپ سے مرمت کروا کر جلد بجلی بحال کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث ٹرانسفارمرز میں خرابی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی ٹرانسفارمر ٹرالیاں تیار کرلی گئی ہیں جبکہ لائن اسٹاف اور عملہ مسلسل بحالی کے کام میں مصروف ہے ۔