لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سست، شہری مشکلات کا شکار

لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن سست، شہری مشکلات کا شکار

پٹواریوں کی ہڑتال اور ریکارڈ کی عدم دستیابی سے عوامی مسائل میں اضافہ

وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)حکومت پنجاب کی جانب سے زرعی و سکنی اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے باوجود وہاڑی کے مختلف علاقوں میں یہ عمل سست روی کا شکار ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال نے صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لینڈ ریکارڈ کو پٹواریوں سے منتقل کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز کے حوالے تو کردیا گیا ہے تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود متعدد علاقوں کا ریکارڈ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ نہیں ہوسکا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فرد ملکیت، انتقال اراضی اور رجسٹری جیسے اہم معاملات کیلئے انہیں دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد روزانہ خوار ہو رہے ہیں۔دوسری جانب پٹواریوں کی ہڑتال کے باعث انتقالات، فردات اور دیگر سرکاری امور مکمل طور پر متاثر ہیں جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہریوں، کسانوں اور سماجی حلقوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل فوری مکمل کیا جائے اور پٹواریوں کے مسائل حل کرکے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں