پاکستان،چین کے سفارتی تعلقات کی سالگرہ پر تقریب
دونوں ممالک کے تعلقات خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت:علی اکبر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع کونسل جھنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر، مختلف محکموں کے افسروں ، سول سوسائٹی کے نمائندگان، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران پاکستان اور چین کے قومی پرچم لہرائے گئے جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔ شرکا نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اقتصادی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف منصوبے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عملی مظہر ہیں۔