ایگزام بینک اور پی ایس ڈبلیو پاکستانی برآمدات بڑھانے پر متفق
تجارتی مالی معاونت کے فروغ اور دیگر خدمات کی بہتری کیلئے یادداشت پر دستخط
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (پاک ایگزام) اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے جس کے تحت دونوں ادارے تجارتی مالی معاونت کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کے لیے تعاون کرینگے ۔معاہدے کے تحت پاک ایگزم، پی ایس ڈبلیو کے قومی ڈیجیٹل تجارتی انفرااسٹریکچر کو تصدیق شدہ تجارتی ڈیٹا کے ذریعے استعمال کرے گا تاکہ اپنی ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس مصنوعات، حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی ایکسپورٹ فنانس سکیموں اور دیگر مالیاتی خدمات کے لیے رسک اسیسمنٹ اور انڈر رائٹنگ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔ تجارتی ڈیٹا کو سرکاری کریڈٹ نظام سے منسلک کرنے سے خطرات کے جائزے میں بہتری، پراسیسنگ میں تیزی، اور برآمد کنندگان کے لیے مالی سہولیات تک رسائی میں اضافہ متوقع ہے ۔ پی ایس ڈبلیو کے سی ای او آفتاب حیدر نے کہا کہ یہ شراکت داری ڈیجیٹل تجارتی اصلاحات کے اگلے مرحلے کی عکاس ہے ، جہاں تجارتی سہولت کاری اور تجارتی مالیاتی نظام ایک دوسرے سے جڑتے جا رہے ہیں۔ تصدیق شدہ تجارتی ڈیٹا کے استعمال سے معلومات کے فرق میں کمی، شفافیت میں اضافہ اور برآمد کنندگان کو بروقت مالی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ پاک ایگزم کے صدر و سی ای او شہبازحسین سید نے کہا کہ پاکستان کے سرکاری ایکسپورٹ کریڈٹ ادارے کی حیثیت سے پاک ایگزم برآمد کنندگان کے لیے معاونت کو مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی شراکت داریوں کو وسعت دے رہا ہے ۔ پی ایس ڈبلیو کے ڈیجیٹل تجارتی ڈیٹا پلیٹ فارم تک رسائی ہماری تجزیاتی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی اور مؤثر و بہتر فیصلوں میں مددگار ثابت ہوگی۔