مویشی منڈیوں میں ایمرجنسی کور فراہم کر دیا : انجینئر عبیداللہ
رش والی جگہوں پر دھکم پیل سے گریز کریں ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی اپیل
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) ضلع مظفرگڑھ میں عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ریسکیو 1122 نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان کی زیر نگرانی اور سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر کی مویشی منڈیوں میں ایمرجنسی کور فراہم کر دیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورتحال، حادثے ، طبی ایمرجنسی، جانوروں کے بے قابو ہونے یا زخمی ہونے کی صورت میں فوری اور مؤثر رسپانس کو یقینی بنانا ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ریسکیو اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد اور امدادی کارروائیوں کیلئے ہمہ وقت الرٹ رکھا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ منڈیوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کو جانوروں کے قریب اکیلا نہ چھوڑیں، رش والی جگہوں پر دھکم پیل سے گریز کریں۔ اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دیں تاکہ عیدالاضحیٰ پر محفوظ اور پرامن ماحول یقینی بنایا جا سکے ۔