مویشی سیل پوائنٹس میں سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات
افسروں نے صفائی، سکیورٹی، پارکنگ اور ٹریفک انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار ) عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے قائم مویشی سیل پوائنٹس پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوٹ ادو محمد اسد علی اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو فرخ محمود نے شہر کوٹ ادو، لال میر اور سنانواں میں قائم پوائنٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔ افسران نے مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی، سکیورٹی، پارکنگ، پینے کے صاف پانی، لائٹنگ، بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات سمیت دیگر انتظامات کا معائنہ کیا اور بیوپاریوں و شہریوں سے ملاقات کرکے مسائل دریافت کیے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد علی نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر رکھا جائے جبکہ مؤثر سکیورٹی انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر فرخ محمود نے ٹریفک روانی برقرار رکھنے ، تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ روکنے اور شہری شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات جاری کیں۔