ستھرا پنجاب ورکرز کی خدمات کا اعتراف، انعامات تقسیم
وہاڑی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب ورکرز کی خدمات کے اعتراف میں عیدالاضحیٰ کے۔۔۔
گرینڈ صفائی آپریشن کے حوالے سے اعزازی تقریب منعقد کی گئی، جس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ورکرز کو انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔تقریب میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر عیدالاضحیٰ کے صفائی آپریشن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 9 ورکرز میں 10،10 ہزار روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ افسران اور سٹاف میں تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عیدالاضحیٰ پر ملتان ڈویژن میں تاریخ کا سب سے بڑا صفائی آپریشن مکمل کیا گیا، جس کے دوران شدید گرمی کے باوجود ورکرز نے شہری و دیہی علاقوں میں مثالی خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر گلی محلوں میں آلائشیں نہ ہونے کے برابر تھیں، جو صفائی کے مؤثر نظام کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر میں 38 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں بروقت اٹھائی گئیں اور شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ ستھرا پنجاب ورکرز نے جذبے اور محنت سے کام کیا، جس کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال مثالی رہی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے آنے والے افراد نے بھی وہاڑی کی صفائی ستھرائی کو سراہا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں ستھرا پنجاب ورکرز کا ساتھ دیں اور شہر کو صاف رکھنے میں کردار ادا کریں۔ایم ڈی غلام مرتضیٰ نے کہا کہ کمشنر ملتان ڈویژن کی رہنمائی اور ٹیم ورک کے باعث عیدالاضحیٰ کا صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔تقریب میں مختلف افسران، بلدیاتی نمائندگان، تاجران اور ستھرا پنجاب ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ورکرز کو تالیوں کی گونج میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔