خانیوال،محرم الحرام میں 32 علماء کا 60 روز کیلئے داخلہ بند

خانیوال،محرم الحرام میں 32 علماء کا 60 روز کیلئے داخلہ بند

امن و امان کے پیش نظر فیصلہ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، انتظامیہ

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ خانیوال نے اہم اقدام اٹھایا ہے ۔ضلع خانیوال کی ریونیو حدود میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے 32 شعلہ بیان مقررین اور علماء کرام کے داخلے پر 60 روز کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے ، جس کا اطلاق 4 جون سے ہوگا۔ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مقررین پر ہوگا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلع میں امن و امان اور قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ نے عوام، علماء کرام اور مجالس و جلوس کے منتظمین سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں