وراثتی جائیداد کا تنازع، بھائی پر قبضے اور ہراسانی کے الزامات
خاندان کے افراد میں کشیدگی متاثرہ بہن بھائیوں کا اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ
وہاڑی(نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر وہاڑی کی حدود چک نمبر 48 ڈبلیو میں وراثتی جائیداد کے تنازع پر ایک خاندان کے افراد میں کشیدگی پیدا ہو گئی، متاثرہ بہن بھائیوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔متاثرہ افراد اکرام احمد اور عمران احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے سوتیلے بھائی نذیر احمد نے ان کے والد حسن بخش مرحوم کی جائیداد پر مبینہ طور پر قبضہ کر رکھا ہے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی دو شادیاں تھیں، ایک جانب سے نذیر احمد اور نسرین کوثر جبکہ دوسری جانب سے وہ خود پانچ بھائی ہیں جن میں اکرام احمد، عمران احمد، محمد عدنان اور صدام احمد شامل ہیں۔ متاثرین کے مطابق دس اور بارہ مرلے کے مکان سمیت دیگر جائیداد پر قبضہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ والد کی بیماری اور ضعیف العمری کے دوران ان کے اکاؤنٹس سے مبینہ طور پر رقم نکلوا کر زمین خریدی گئی جبکہ اب انہیں اپنے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔متاثرین نے مزید کہا کہ ان کے مطابق سوتیلا بھائی نذیر احمد اور اس کی اہلیہ کی جانب سے آئے روز جھوٹی درخواستیں اور مقدمات کے ذریعے انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنا حصہ نہ مانگ سکیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈی سی وہاڑی خالد جاوید گورایہ اور ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔