ماحول کو صاف ستھرا رکھنا قومی،سماجی ذمہ داری ،محسن نثار
پلاسٹک کے بے جا استعمال سے دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا، طاہر سیال
ملتان (وقائع نگار خصوصی)عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ضلع ملتان میں سیمینار، آگاہی ریلی اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار نے رضا ہال میں منعقدہ سیمینار کی صدارت کی، جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات ڈاکٹر طاہر سیال، شیخ طارق رشید، ضلعی افسر، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محسن نثار نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہر شہری کی قومی اور سماجی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور پلاسٹک کے بے جا استعمال کے باعث دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ، اسی لئے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں شاپر بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے اور ماحول دوست بائیو ڈی گریڈیبل شاپرز کے فروغ کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات ڈاکٹر طاہر سیال نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بننے والی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی اور ماحول کے تحفظ کے لئے شہریوں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار نے سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ہمراہ رضا ہال کے لان میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں رضا ہال سے چوک کچہری تک آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔، جس میں شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شعور اجاگر کیا اور ماحول کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔