لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کیا جائے ، فہد اسحاق سانگی

لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کیا جائے ، فہد اسحاق سانگی

تاجر برادری لاک ڈاؤن کی مزید پابندیاں قبول کرنے کو تیار نہیں، راحیل اصغر

ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران گھنٹہ گھر چوک کے صدر اور مرکزی تنظیم تاجران ملتان ڈویژن کے چیئرمین فہد اسحاق سانگی، کچہری روڈ کے صدر راحیل اصغر ہاشمی، جنرل سیکرٹری شیخ فیصل محمود، فنانس سیکرٹری خواجہ شعیب صدیقی اور گلگشت کے شیخ تنویر اشرف قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کرکے تاجروں اور دکانداروں کو کاروبار کرنے کا حق دیا جائے ۔مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری لاک ڈاؤن کی مزید پابندیاں قبول کرنے کو تیار نہیں۔ ان کے مطابق توانائی بچت کے نام پر کاروباری سرگرمیوں کو محدود کرنے سے ملکی معیشت مستحکم ہونے کے بجائے مزید کمزور ہوگی، کیونکہ معیشت کا بڑا دارومدار چھوٹے تاجروں اور دکانداروں پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسوں کے بوجھ نے عوام کی قوت خرید کو شدید متاثر کیا ہے ، جس کے باعث بازاروں اور مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی متاثر ہو چکی ہیں۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں مزید پابندیاں کاروباری طبقے کے لئے مشکلات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔

رہنماؤں نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کے نفاذ کے دوران تاجروں یا دکانداروں کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا تو اس پر شدید ردعمل سامنے آسکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں تاجروں، سفید پوش طبقے اور مزدوروں کو ریلیف دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں