قصبہ گجرات کو تحصیل کا درجہ دیا جائے ، ساجد محمود اشرف
قصبہ گجرات (نامہ نگار) معروف سیاسی و سماجی رہنما ڈاکٹر ساجد محمود اشرف نے حکومت پنجاب اور منتخب عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کوٹ ادو میں نئی تحصیل کے قیام کے لیے قصبہ گجرات کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قصبہ گجرات کے عوام گزشتہ کئی سالوں سے تحصیل کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم اس اہم مسئلے پر تاحال عملی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بعض حلقوں کی جانب سے دیگر علاقوں کو تحصیل بنانے کی تجاویز سامنے آ رہی ہیں، لیکن جغرافیائی محل وقوع، آبادی، ریونیو، تجارتی سرگرمیوں اور انتظامی ضرورت کے لحاظ سے قصبہ گجرات اس مقصد کے لیے زیادہ موزوں اور حق دار ہے ۔ڈاکٹر ساجد محمود اشرف نے کہا کہ قصبہ گجرات کے ساتھ درجنوں دیہات منسلک ہیں اور روزانہ ہزاروں افراد اپنے مختلف سرکاری و نجی امور کے لیے یہاں آتے ہیں۔ تحصیل کا درجہ ملنے سے عوام کو ریونیو، عدالتی اور دیگر سرکاری خدمات مقامی سطح پر میسر آئیں گی اور ان کے مسائل میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔