موٹرسائیکل تصادم، پیزا ڈلیوری بوائے جاں بحق، دو زخمی
حسینی چوک کے قریب حادثہ، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) کچاکھوہ کے حسینی چوک کے قریب دو موٹرسائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیزا ڈلیوری بوائے جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 18 سالہ اورنگزیب ولد صوفی اقبال سکنہ مرضی پورہ خانیوال پیزا کی ڈلیوری دینے جا رہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا اور موقع پر دم توڑ گیا۔ حادثے میں رحمان ولد عمران علی سکنہ 19 نائن آر کچاکھوہ اور غضنفر حسین ولد محمد حسین سکنہ چک نمبر 66 ای بی عافوالہ بھی شدید زخمی ہوئے ۔ دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق نوجوان کی لاش سمیت زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال منتقل کر دیا۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔