فول پروف سکیورٹی کیلئے سول ڈیفنس ٹیمیں متحرک
بم ڈسپوزل سکواڈ، رضاکار اور عملہ فرائض کی انجام دہی میں مصروف
بہاول پور(سٹی رپورٹر) محرم الحرام 2026ء کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پُرامن انعقاد، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے سول ڈیفنس بہاولپور کا عملہ، بم ڈسپوزل سکواڈ، تربیت یافتہ رضاکار اور دیگر متعلقہ ٹیمیں شب و روز فرائض انجام دے رہی ہیں۔ سول ڈیفنس آفیسر بہاولپور فہیم امداد کے مطابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور کی ہدایات پر ضلع بھر میں خصوصی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
مرکزی و ذیلی مجالس، جلوسوں اور حساس مقامات پر جدید آلات کی مدد سے سرچنگ، سویپنگ، فزیکل چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس کا عمل جاری ہے ۔ بم ڈسپوزل ٹیمیں جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں، داخلی و خارجی راستوں اور پارکنگ ایریاز کی مکمل جانچ پڑتال کر رہی ہیں جبکہ سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ رضاکار پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس ٹیمیں الرٹ ہیں اور کنٹرول رومز و فیلڈ ٹیموں کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے ۔ سول ڈیفنس نے شہریوں سے سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔