سرکاری کالجز میں ایم ڈی کیٹ مفت کلاسز شروع
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت کے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہش مند طلبہ کیلئے سرکاری کالجز میں ایم ڈی کیٹ 2026 کی مفت تیاری کیلئے خصوصی کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔۔
کلاسز کا باقاعدہ آغاز 29 جون سے ہوگا۔ابتدائی مرحلے میں پنجاب کے مختلف ڈویژنز کے منتخب سرکاری گریجویٹ کالجز کو ایم ڈی کیٹ پریپریشن سینٹرز قرار دیا گیا ہے جہاں تجربہ کار اساتذہ بائیولوجی، کیمسٹری، فزکس، انگلش اور لاجیکل ریزننگ سمیت تمام مضامین کی تیاری کرائیں گے ۔ طلبہ کیلئے لیکچرز، ایم سی کیوز پریکٹس، ماڈل پیپرز، ٹیسٹ سیشنز اور امتحانی حکمت عملی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ملتان میں گورنمنٹ سول لائن کالج اور گورنمنٹ سائنس کالج میں دو مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ طلبہ کیلئے ائیرکنڈیشنڈ رومز کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔ آن لائن رجسٹریشن 29 جون تک جاری رہے گی۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق اس پروگرام کا مقصد محدود مالی وسائل رکھنے والے ہونہار طلبہ کو مفت اور معیاری تعلیمی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان 16 اگست کو متوقع ہے ۔