قصبہ گجرات ،ذخیرہ شدہ 824 بوری چینی برآمد، شوروم سیل
قصبہ گجرات (نامہ نگار) سپیشل برانچ کی نشاندہی پر غازی گھاٹ میں بڑی کارروائی کے دوران 824 بوریاں چینی برآمد کر کے ٹریکٹر شوروم سیل کر دیا گیا۔۔۔۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل برانچ کوٹ ادو سید کمیل رضا کی ہدایت پر سپیشل برانچ قصبہ گجرات کی نشاندہی کے بعد SDEO/PERA کوٹ ادو محمد سعید گھمن نے غازی گھاٹ میں محمد علی خان دستی کے ٹریکٹر شوروم پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران وہاں چھپائی گئی 824 بوریاں چینی برآمد ہوئیں جن کا مجموعی وزن 41 ہزار 200 کلوگرام بتایا گیا ہے ۔حکام نے موقع پر ہی شوروم کو سیل کر دیا۔ اس موقع پر SDEO/PERA محمد سعید گھمن نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مفاد کے تحفظ اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لیے سپیشل برانچ کے تعاون سے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔