ملتان بیوٹیفکیشن منصوبہ ، نئے پلانٹرز لگانے کا فیصلہ
کچہری اور عزیز ہوٹل چوک سمیت مختلف مقامات پر شجرکاری مہم جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے شہر کے مختلف مقامات پر بیوٹیفکیشن اور شجرکاری مہم تیز کرتے ہوئے کچہری چوک اور عزیز ہوٹل چوک پر مستقل پلانٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ فلائی اوورز کے پلرز کے گرد پلانٹرز میں سایہ دار درخت اور پودے لگائے جائیں گے ۔ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن کی ہدایات پر چونگی نمبر 14، رشید آباد فلائی اوور اور نو نمبر چونگی پر بھی بیوٹیفکیشن ورک جاری ہے ۔سید وسیم حسن نے کہا کہ عرصہ دراز سے خالی پڑی جگہوں پر مستقل پلانٹرز تعمیر کرنے کے بعد شجرکاری کی جائے گی۔ عزیز ہوٹل چوک پر گرینڈ صفائی آپریشن مکمل کرکے خوبصورتی کے منصوبے پر کام جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رشید آباد فلائی اوور کی دیواروں کے اطراف پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پینٹ کیا جا رہا ہے ۔جبکہ نو نمبر چونگی فلائی اوور پر بھی پینٹ ورک آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ۔ چودہ نمبر چونگی چوک کو ازسرنو بحال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں شجرکاری اور بیوٹیفکیشن کے اقدامات مزید تیز کئے جائیں گے ۔