ڈی پی او چنیوٹ کی جا مع مسجد فاروقیہ میں کھلی کچہری
شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں، فوری حل کی یقین دہانی کرائی
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے جمعۃ المبارک کے موقع پر جامعہ مسجد فاروقیہ، منڈی شیخاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ایس ایچ او تھانہ سٹی، انچارج کمپلینٹ سیل، دیگر پولیس افسران اور نمازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں، ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ افسران کو بروقت دادرسی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او نے کمپلینٹ سیل کو موصولہ درخواستوں پر کارروائی مکمل کرکے فالو اپ رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے شرکاء کو پنجاب پولیس کی مختلف خدمات اور نئے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ مساجد میں کھلی کچہری کا انعقاد سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی ہے ، جس کا مقصد عوام کے پاس جا کر ان کے مسائل سننا، انہیں حل کرنا اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔