ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے شفافیت بر قراررکھنے کا حکم
جڑانوالہ، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی ضرورت کے حامل منصوبے مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کیے جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جڑانوالہ، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے جڑانوالہ میں ایک تعمیراتی سائٹ پر حفاظتی انتظامات میں خامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ ایڈمنسٹریٹرز کو فوری طور پر حفاظتی اقدامات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کو ڈی سلٹنگ (نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی) کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مین ہولز کو مکمل طور پر ڈھانپا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔