چنیوٹ:ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ریونیو کا ماہانہ جائزہ اجلاس
ریونیو سے متعلق تمام امور میں شفافیت، میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریونیو کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں ریونیو وصولیوں، سرکاری اہداف کے حصول اور مختلف ریونیو شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد احمر نے مختلف ریونیو مدات میں حاصل ہونے والی وصولیوں، مقررہ اہداف اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریونیو افسران اور فیلڈ سٹاف حکومتی اہداف کے حصول کے لیے متحرک انداز میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ریونیو وصولیوں کے عمل کو مزید مؤثر بنانے ، مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے اور زیر التواء معاملات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریونیو سے متعلق تمام امور میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ حکومتی اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ریونیو افسروں نے بھی شرکت کی۔