آر پی او کی کھلی کچہری، 170 سائلین کی درخواستوں پر سماعت
85 درخواستوں پر موقع پر ہی داد رسی کرتے ہوئے فوری احکامات جاری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو فوری اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں ریجنل پولیس آفس فیصل آباد میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے براہِ راست اپنے مسائل اور درخواستیں پیش کیں۔کھلی کچہری میں 170 سے زائد سائلین نے شرکت کی۔ آر پی او نے تمام درخواست گزاروں کا مؤقف تفصیل سے سنا اور 85 درخواستوں پر موقع پر ہی داد رسی کرتے ہوئے فوری احکامات جاری کیے ، جبکہ باقی درخواستیں مزید انکوائری کے لیے متعلقہ افسران کو بھجوا کر مقررہ مدت میں رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت داد رسی پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں سے بدسلوکی، مقدمات کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش مکمل شفافیت اور میرٹ کے مطابق کی جائے ، کسی بھی دباؤ یا اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے اور تمام درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کرکے رپورٹس پیش کی جائیں۔