مخدوش عمارتوں والے سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں پر پابندی عائد
عمارتوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا تک کلاسز نہیں لگائی جائیں گی، حکام محکمہ تعلیم
ملتان(خصوصی رپورٹر)مخدوش عمارتوں والے سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں پر پابندی، چھٹیوں میں بارشوں سے بچاو کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت تفصیل کے مطابق محکمہ سکولزنے مون سون سیزن کے دوران طلبہ و اساتذہ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لئے جامع حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق مخدوش اور غیر محفوظ قرار دی جانے والی سکول عمارتوں میں فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے تک تدریسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ تمام چیف ایگزیکٹو افسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز اور سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکول عمارتوں، کلاس رومز، چھتوں، برآمدوں، داخلی و خارجی گیٹس اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کا فوری حفاظتی معائنہ کرائیں کسی بھی عمارت کو غیر محفوظ قرار دیئے جانے کی صورت میں اس میں تدریسی سرگرمیوں کی اجازت اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک متعلقہ حکام کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہ کر دیا جائے مون سون بارشوں کے پیش نظر سکولوں میں نکاسیٔ آب کا مؤثر نظام یقینی بنایا جائے۔
، چھتوں پر پانی جمع ہونے سے روکنے کے لئے نالیوں کی صفائی کی جائے اور بجلی کی وائرنگ، سوئچ بورڈز، پنکھوں اور دیگر برقی آلات کی مکمل جانچ کی جائے خراب یا خطرناک برقی کنکشنز کو فوری طور پر درست کیا جائے تمام تعلیمی ادارے سکولوں میں موجود درختوں کی بروقت کانٹ چھانٹ، کمزور اور خطرناک شاخوں کی فوری کٹائی، جبکہ چھتوں، سیڑھیوں، راہداریوں اور کھیل کے میدانوں کو پھسلن، رکاوٹوں اور دیگر خطرناک اشیا سے پاک رکھنے کے اقدامات کئے جائیں فرسٹ ایڈ کٹ مکمل اور فعال حالت میں رکھی جائے ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضروری سامان دستیاب ہو، جبکہ ریسکیو، پولیس، فائر بریگیڈ اور متعلقہ ضلعی حکام کے ہنگامی رابطہ نمبرز نمایاں مقامات پر آویزاں کئے جائیں۔