ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن شرائط، طلبہ شدید مشکلات کا شکار

ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن شرائط، طلبہ شدید مشکلات کا شکار

ڈومیسائل اور جووینائل کارڈ لازمی قرار، دو لاکھ امیدوار متاثر ہونے کا خدشہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کلینک کی جانب سے ایم ڈی کیٹ 2026 کی رجسٹریشن کے دوران نئی شرائط نے ہزاروں طلبہ و طالبات کو مشکلات میں مبتلا کر دیا۔ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ اور نادرا کے جووینائل رجسٹریشن سمارٹ کارڈ کی لازمی شرط کے باعث متعدد امیدوار تاحال رجسٹریشن مکمل نہیں کر سکے ۔پی ایم ڈی سی کے مطابق آن لائن رجسٹریشن 22 جون سے شروع ہو چکی ہے جو 8 جولائی تک 9 ہزار روپے فیس کے ساتھ جاری رہے گی، جبکہ لیٹ رجسٹریشن 13 جولائی تک 13 ہزار روپے فیس کے ساتھ ممکن ہوگی۔ امتحان 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے ملک بھر میں ہوگا۔نئے قواعد کے تحت 18 سال سے کم عمر امیدواروں کے لئے نادرا کا جووینائل سمارٹ کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے ، جبکہ اس کے بغیر امتحان میں شرکت ممکن نہیں ہوگی۔ اس شرط سے ملک بھر میں تقریباً دو لاکھ امیدوار متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی دفاتر میں رش، طویل قطاروں اور تاخیر کے باعث دستاویزات بروقت حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے ۔

 امیدواروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے شرائط پر نظرثانی کریں یا رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں