چہلم امام حسین ؓ،مرکزی ماتمی جلوس کاامام بارگاہ جوادیہ سے آغاز ہوگا

چہلم امام حسین ؓ،مرکزی ماتمی جلوس کاامام بارگاہ جوادیہ سے آغاز ہوگا

ملتان (کرائم رپورٹر)چہلم حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی 4 اگست بروز منگل انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

اس سلسلے میں لائسنس دار مظاہر حسین صدیقی کے زیر اہتمام مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ جوادیہ سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا۔جلوس اپنے روایتی راستوں دیگاں والا بازار، کپڑی تیلیاں سے ہوتا ہوا تیل مارکیٹ حسین آگاہی پہنچے گا، جہاں مجالس عزا منعقد ہوں گی۔ کپڑی تیلیاں میں علامہ سید مجاہد عباس گردیزی جبکہ تیل مارکیٹ حسین آگاہی میں علامہ ناصر سبطین ہاشمی مجلس عزا سے خطاب کرینگے ۔ بعد ازاں جلوس سرکلر روڈ، لوہاری گیٹ، گھنٹہ گھر اور گنج بازار سے ہوتا ہوا رات 8 بجے آستانہ  پیر لعل شاہ مشہدی پر اختتام پذیر ہوگا۔ دوران جلوس لوہاری گیٹ پر زنجیر زنی کی جائے گی جبکہ گھنٹہ گھر میں نماز مغربین باجماعت ادا کی جائے گی۔ جلوس میں ملتان کی مختلف ماتمی سنگتیں نوحہ خوانی اور ماتم داری کریں گی، جبکہ عزاداروں کے لیے راستے بھر میں نیاز، پانی اور شربت کی سبیلوں کا انتظام بھی کیا جائے گا۔چہلم کے موقع پر صبح 9 بجے امام بارگاہ جوادیہ میں مجلس عزا منعقد ہوگی، جس سے علامہ ناصر سبطین ہاشمی، ذاکر اہل بیت نیاز عباس جوئیہ، قیصر عباس میتلا، ذاکر جان علی شاہ اور عمار مہدی کربلائی سمیت دیگر مقررین خطاب کریں گے ۔ ضلعی انتظامیہ اور جلوس انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی جلوس میں امن کمیٹی کے ارکان، مذہبی شخصیات اور دیگر عمائدین بھی شریک ہوں گے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...