مناسب جگہ پر بس سٹینڈ بنایا جائے :ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ

مناسب جگہ پر بس سٹینڈ بنایا جائے :ٹرانسپورٹرز کا مطالبہ

میونسپل کمیٹی کا بنایا بس سٹینڈ 20 سال قبل بند کردیا گیا تھا :مظفر ناچی ،شاہد شاہین بس سٹینڈ کی تکمیل تک کام کرنے کی اجازت دی جائے،سجاد اعوان،عمر تاج شیروانی

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )مظفرگڑھ کے ٹرانسپورٹرز اور اڈا منیجرز مظفر خان ناچی دستی ،شاہد شاہین شیخ ،ملک سجاد اعوان اور عمر تاج شیروانی نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مظفرگڑھ شہر میں مناسب جگہ پر جنرل بس سٹینڈ بنا کر ٹرانسپورٹرز کو سہولت فراہم کی جائے ۔مظفر خان ناچی دستی ،شاہد شاہین شیخ ،ملک سجاد اعوان اور عمر تاج شیروانی نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مظفرگڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مظفرگڑھ پاکستان کا قدیمی تاریخی ضلع ہے مگر ضلعی ہیڈکوارٹر میں کوئی جنرل بس سٹینڈ نہیں ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے بنایا گیا جنرل بس سٹینڈ بھی 20 سال قبل بند کردیا گیا تھا جس کی جگہ پر اب ماڈل سہولت بازار قائم کردیا گیا ہے اور ابھی تک مظفرگڑھ میں کسی دوسری جگہ پر جنرل بس اسٹینڈ نہیں بنایا گیا تاہم تھرمل روڈ پر بہاری کالونی کے نزدیک محکمہ جنگلات کی خالی زمین میں جنرل بس سٹینڈ قائم کرنے کا منصوبہ زیر کارروائی ہے اور ابھی تک موقع پر جنرل بس اسٹینڈ کیلئے ایک اینٹ تک بھی نہیں لگائی گئی اس جگہ پر نہ ہی پانی ،نہ ہی سایہ اور نہ ہی بجلی دستیاب ہے مگر ضلعی انتظامیہ کا فرمان ہے کہ ٹرانسپورٹرز خود ٹینٹ لگا کر اس جگہ پر عارضی اڈا بنالیں اور حکومت کی طرف سے فنڈز ملنے کے بعد نقشہ کے مطابق جنرل بس اسٹینڈ تعمیر ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ سٹی میں جنرل بس سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ شہر کے مختلف کھلے مقامات پر رکتی اور سواریاں اٹھاتی ہیں جو کہ ٹرانسپورٹرز کی مجبوری بھی ہے کیونکہ انہیں کوئی مناسب جگہ میسر نہیں ہے ۔ ۔انہوں نے بتایا کہ بھاری جرمانے عائد کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد بار ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش ہوکر بھی سیکرٹری آر ٹی اے کی شکایات کی ہیں ،متعدد بار مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سردار محمد اجمل چانڈیہ کو بھی سیکرٹری کو بھی آگاہ کیا مگر ناجائز چالانوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ،چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ سپیشل برانچ اور دوسرے سرکاری حساس اداروں سے تحقیقات کراکرقانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔مظفرگڑھ میں فوری طور پرجنرل بس سٹینڈ تعمیر کیا جائے اور جنرل بس سٹینڈ کی تکمیل تک ٹرانسپورٹرز کو موجودہ صورتحال کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ سیکرٹری آر ٹی اے ثنائاللہ ریاض کو تبدیل کرکے اس کی جگہ کسی ایماندار آفیسر کو مظفرگڑھ میں سیکرٹری آر ٹی اے تعینات کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...