جہانیاں:جنرل بس سٹینڈ میں پانی جمع، تعفن پھیل گیا
جہانیاں:جنرل بس سٹینڈ میں پانی جمع، تعفن پھیل گیا مچھروں کی بھرمار، تاجروں کا فوری نکاسی آب اور نوٹس لینے کا مطالبہ
جہانیاں (نامہ نگار) بائی پاس پر واقع جنرل بس اسٹینڈ حالیہ بارشوں کے بعد گزشتہ پانچ روز سے بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، جس کے باعث یہ باقاعدہ جوہڑ کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔ کئی روز گزرنے کے باوجود پانی کی نکاسی نہ ہونے سے علاقے میں تعفن پھیلنے لگا ہے جبکہ مچھروں کی بہتات کے باعث ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ جنرل بس اسٹینڈ پر قائم دکانداروں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مقامی تاجر محمد افضال نے بتایا کہ بارش کا پانی گزشتہ پانچ روز سے کھڑا ہے ، بدبودار پانی کی وجہ سے گاہکوں کی آمد متاثر ہو رہی ہے جبکہ مچھروں کی بھرمار نے کاروبار کرنا بھی دشوار بنا دیا ہے ۔ جنرل بس اسٹینڈ کے بیسیوں تاجروں نے متعلقہ میونسپل کمیٹی جہانیاں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جمع شدہ پانی کی نکاسی کرائی جائے اور جنرل بس اسٹینڈ پر مستقل بنیادوں پر نکاسی آب کا مؤثر انتظام کیا جائے تاکہ یہاں کے تاجروں، مسافروں اور شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments