نشتر ہسپتال کے 22 ملازمین کو شوکاز نوٹس، جواب طلب
مانیٹرنگ ٹیم کے دورے پر موبائل استعمال، غیرحاضری ، بے ضابطگیوں پر کارروائی
ملتان (لیڈی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی سپیشل مانیٹرنگ ٹیم کے 6 اگست 2026 کے دورۂ نشتر ہسپتال ملتان کے بعد 22 ملازمین، جن میں 9 ڈاکٹر بھی شامل ہیں، کو مختلف بے ضابطگیوں پر شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق مانیٹرنگ ٹیم نے معائنے کے دوران بعض افسروں اور ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرتے ، اوور آل کے بغیر فرائض انجام دیتے ، غیر حاضر، چائے کے وقفے پر اور بعض کو ڈیوٹی کے اوقات میں سوتے ہوئے پایا۔ نوٹس میں ان امور کو حکومتی قواعد و ضوابط اور انتظامی ہدایات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے ۔نوٹس کے مطابق ای این ٹی او پی ڈی، آئی او پی ڈی، نشتر لیبارٹری، وارڈ نمبر 7، وارڈ نمبر 16، ذیابیطس کاؤنٹر اور دیگر شعبوں کے 14 ڈاکٹرز، نرسز، ٹیکنیشنز اور ملازمین پر ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔
مزید برآں تین ہاؤس آفیسرز کو وارڈ نمبر 16 میں ٹی بریک پر موجود ہونے ، ای پی آئی سینٹر کے دو ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران سوتے ہوئے ، ایک اسٹریچر بیئرر کو غیر حاضر رہنے جبکہ ای این ٹی او پی ڈی کے ایک میڈیکل آفیسر اور ایک سینئر رجسٹرار کو اوور آل کے بغیر ڈیوٹی انجام دینے پر شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔تمام متعلقہ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو روز کے اندر اپنے شعبہ سربراہ کے ذریعے تحریری وضاحت جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments