پولیس بلاجواز چالان کررہی، مزدامنی گڈز ایسوسی ایشن
ایس او پیز کی مکمل پابندی کررہے ،بھاری چالانوںسے کاروبار متاثرہورہا
ملتان (لیڈی رپورٹر)آل ملتان مزدا منی گڈز اونرز ایسوسی ایشن ضلع ملتان کے صدر محمد عمران جھولے لال عرف مانا نے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدا مالکان حکومت کی تمام ایس او پیز پر عمل کرتے ہیں، اس کے باوجود ٹول پلازوں، موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس اور پنجاب پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر گاڑیاں روک کر بھاری چالان کئے جاتے ہیں، جس سے ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ معمولی وجوہات پر گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی جاتی ہیں، جبکہ چالانوں کی مالیت بعض اوقات آمدنی سے بھی زیادہ ہوتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں پر ای چالان تو جاری کئے جاتے ہیں، مگر چلتی گاڑیوں سے سامان چوری ہونے کے باوجود انہی کیمروں کی مدد سے ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔محمد عمران نے الزام عائد کیا کہ دن کے وقت بھاری چالانوں اور رات کو ڈاکوؤں کی وارداتوں نے ٹرانسپورٹرز کا کاروبار متاثر کر دیا ہے ۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز کی جانب سے ڈرائیوروں پر مبینہ تشدد کی بھی مذمت کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گاڑیوں کی پاسنگ کے لئے دفاتر کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ گاڑیاں طویل عرصہ کھڑی نہ رہیں اور سامان چوری کے واقعات میں کمی آئے ۔ انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں کمی اور ڈرائیونگ ٹیسٹ امیدوار کی اپنی گاڑی پر سڑک پر لینے کا بھی مطالبہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments