محکمہ کیخلاف شکایات کے ازالے کیلئے سرگرم، محمود بھٹی
شہریوں کو دہلیز پر بروقت انصاف فراہمی کیلئے ہرممکن کوشش کررہے
ملتان (لیڈی رپورٹر)صوبائی محتسب پنجاب کی ہدایت پر مشیر صوبائی محتسب ملتان محمود جاوید بھٹی نے یونین کونسل نمبر 31 حسن پروانہ میں عوامی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر مشیر صوبائی محتسب ملتان وقار حسین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ صوبائی محتسب پنجاب کا ادارہ صوبے کے سرکاری محکموں کے خلاف عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لئے سرگرم عمل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہری بغیر کسی وکیل کے اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔، جس پر مختصر مدت میں کارروائی کرتے ہوئے مسائل کے حل کی کوشش کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی صوبائی محکمے کے خلاف شکایات علاقائی دفتر ملتان یا صدر دفتر لاہور کو بذریعہ ڈاک بھی ارسال کر سکتے ہیں۔ درخواست موصول ہونے کے بعد درخواست گزار کو سماعت کی تاریخ اور وقت سے متعلق ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جاتا ہے ۔مشیر صوبائی محتسب نے ادارے کے اغراض و مقاصد، کارکردگی اور عوامی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبائی محتسب کے ویژن کے مطابق صوبے بھر کے علاقائی دفاتر کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز پر بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔سیمینار میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر متعدد شکایات بھی درج کی گئیں اور متعلقہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments