محکموں کو سروس ڈیلیوری ، شکایات کے ازالے کی ہدایت
ڈی سی مظفر گڑھ کا عوامی خدمات کی بہتری کیلئے اجلاس،کارکردگی کا جائزہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی زیر صدارت پبلک پرفارمنس ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عوامی فلاحی منصوبوں، گورننس، ترقیاتی سرگرمیوں، شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور محکموں کی مجموعی کارکردگی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو بروقت، معیاری اور شفاف سرکاری خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنے مقررہ اہداف کے حصول، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ غفلت، سستی یا ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ہر افسر اپنی ذمہ داری دیانتداری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ انجام دے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی اور عوامی فلاحی ویژن پر عملدرآمد کے لیے تمام محکموں کے ساتھ مکمل رابطے اور ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) محمد یوسف چھینہ سمیت متعلقہ ضلعی افسران نے شرکت کی اور اپنے محکموں کی کارکردگی، مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments