پٹرولیم لیوی ٹیکس عوام پر اضافی بوجھ ، رہنما جماعت اسلامی

پٹرولیم لیوی ٹیکس عوام پر اضافی بوجھ ، رہنما جماعت اسلامی

ایک لیٹر پٹرول پر 125 روپے لیوی ،عوامی مشکلات بڑھ گئیں،احتجاجی دھرنا

لودھراں (سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح لودھراں میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلوے چوک پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع لودھراں کے امیر ڈاکٹر طاہر احمد چودھری نے کہا کہ پٹرول پر عائد لیوی ٹیکس غریب عوام، مزدور، کسان اور طلبہ پر اضافی مالی بوجھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ متاثر عام آدمی ہوتا ہے ، جبکہ ایک لیٹر پٹرول پر وصول کیا جانے والا 125 روپے لیوی ٹیکس عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی میں دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے ، مگر حکمران طبقہ اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے عوام پر نئے ٹیکس عائد کر رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ بھی تعلیم کے حصول کے لیے سفر کرتے ہوئے اس ٹیکس کا بوجھ برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ڈاکٹر طاہر احمد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی ٹیکس میں فوری کمی کی جائے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند نہ کی تو معاشی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔دھرنے سے جماعت اسلامی ضلع لودھراں کے قیم شاہد خان، نائب امیر عبدالحمید اعظمی، امیر شہر خالد فاروق، امیر شہر دنیاپور قاری احسان الحق، قاری اللہ بخش، دلدار حسین دلبر اور صدر جماعت اسلامی یوتھ ارسلان وارثی نے بھی خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...