مہنگے پٹرول سے گڈز ٹرانسپورٹرز کومشکلات،رانا اصغر

مہنگے پٹرول سے گڈز ٹرانسپورٹرز کومشکلات،رانا اصغر

ایندھن کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو پہیہ جام پر مجبور ہو ں گے ،میڈیا بیان

ملتان (لیڈی رپورٹر)مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسوں کی بھرمار اور پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ معروف تاجر رہنما، صدر انجمن تاجران جنرل بس سٹینڈ رانا محمد اصغر نے حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے ، لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ اور کم وولٹیج کے باعث کاروباری اخراجات کئی گنا بڑھ گئے ہیں، جبکہ مہنگائی سے عوام کی قوت خرید کم ہونے پر مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

 

 ان کا کہنا تھا کہ پیچیدہ ٹیکس نظام، مختلف محکموں کی بار بار چیکنگ، بھاری فیسیں اور جرمانے بھی تاجروں کے لئے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔رانا محمد اصغر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ کا شعبہ بحران کا شکار ہے ۔ اگر حکومت نے فوری طور پر ایندھن کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ بھی احتجاج اور پہیہ جام کرنے پر مجبور ہو سکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان کی مارکیٹوں میں صفائی، سیوریج، ٹریفک، پارکنگ اور ٹوٹی سڑکوں کے مسائل بھی کاروبار کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چھوٹے تاجروں کے لئے ٹیکس نظام آسان بنایا جائے ، غیر ضروری جرمانے ختم کئے جائیں، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے ، جبکہ جنوبی پنجاب کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے لئے خصوصی ریلیف پیکیج بھی متعارف کرایا جائے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...