موبائل شاپ پر ڈکیتی، ڈاکو لاکھوں کے موبائل لے گئے
موبائل ایسوسی ایشن نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے 2 روز کا الٹی میٹم دے دیا
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی) تھانہ سٹی کی حدود میں جی پی او آفس کے سامنے موبائل شاپ پر تین مسلح ڈاکوؤں نے واردات کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی موبائل فون لوٹ لیے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کارخانہ بازار میں واقع موبائل شاپ پر تین ڈاکو 125 موٹر سائیکل پر سوار ہوکر آئے ، جن میں سے دو ڈاکوؤں نے دکاندار زین العابدین اور اس کے ساتھی کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا اور دکان سے قیمتی موبائل فون لوٹ لیے ۔واردات کے بعد ملزمان مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ پولیس تھانہ سٹی نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔موبائل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رانا شفاعت نے دن دیہاڑے ڈکیتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نامعلوم ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری اور لوٹا ہوا مال برآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دو روز میں ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو موبائل شاپس بند کرکے احتجاج کیا جائے گا۔شہریوں نے پولیس گشت کا نظام مؤثر بنانے اور ڈکیتیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments