نوسربازی کے دو ملزم گرفتار، 29 لاکھ کے زیورات برآمد
پولیس نے چار مقدمات ٹریس کرکے برآمد زیورات مدعیان کے حوالے کر دئیے
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی) ڈی پی او تصور اقبال کی ہدایت پر پولیس تھانہ ماڈل ٹاؤن بورے والا نے نوسربازی میں ملوث گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرکے 29 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات برآمد کرلیے ۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد عباس اور عابد سکنہ 231 ای بی شامل ہیں، جو سادہ لوح شہریوں کو طلائی زیورات ڈبل اور ٹرپل کرنے کا جھانسہ دے کر نوسربازی کرتے اور زیورات ہتھیا کر فرار ہوجاتے تھے ۔شہریوں کی شکایات پر ایس ڈی پی او سرکل بورے والا رانا محمد عمران ٹیپو کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاؤن بورے والا مہر قیصر منظور اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 تولہ طلائی زیورات برآمد ہوئے جبکہ نوسربازی کے 4 مقدمات بھی ٹریس کرلیے گئے ۔ ایس ایچ او نے برآمد شدہ زیورات مقدمات کے مدعیان کے حوالے کردیئے ۔ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو نوسربازی اور فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments