ڈینگی کی روک تھام کیلئے سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت
لاروا کی تلفی ، سرویلنس میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، انتظامیہ
خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار )ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو انسدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈینگی لاروا کی تلفی اور سرویلنس کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل عباس کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فضل عباس نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ تعطیلات کے اختتام سے قبل تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی صفائی اور ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات مکمل کرے تاکہ طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ گھر گھر سرویلنس کا عمل تیز کیا جائے ، ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے اور لاروا کی موجودگی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اے ڈی سی ریونیو نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں، دفاتر، دکانوں اور کاروباری مراکز میں پانی جمع نہ ہونے دیں کیونکہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ صفائی کی ناقص صورتحال، ڈینگی ایس او پیز اور ڈینگی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تمام محکمے مربوط انداز میں اقدامات کرکے ضلع کو ڈینگی سے محفوظ بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments