پراپرٹی ٹیکس چوری کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

پراپرٹی ٹیکس چوری کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

مقررہ شرح سے کم ٹیکس ادا کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ، مالکان ،وثیقہ نویسوں سے ریکوری کا عمل شروعجعلسازی سے بچنے کیلئے شہری پراپرٹی کی خرید وفروخت کے تمام سرکاری ٹیکس خود یا اپنی نگرانی میں آن لائن جمع کرائیں

ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے سرکاری محصولات کے تحفظ اور پراپرٹی رجسٹریوں میں ٹیکس چوری کے خاتمے کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ اس سلسلے میں مقررہ شرح سے کم ٹیکس ادا کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے جبکہ ٹیکس چوری میں ملوث پراپرٹی مالکان اور وثیقہ نویسوں سے ریکوری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پراپرٹی کی غلط ویلیو درج کرا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں اور ہر رجسٹرڈ پراپرٹی کی رجسٹری کا تفصیلی آڈٹ کر کے بے ضابطگیوں کی مکمل جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پراپرٹی کی خرید و فروخت کے تمام سرکاری ٹیکس خود یا اپنی ذاتی نگرانی میں آن لائن جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی جعلسازی یا ٹیکس چوری سے بچا جا سکے ۔

ڈاکٹر فیصل سلیم نے واضح کیا کہ پراپرٹی کی غلط ویلیو درج کرانے والے مالکان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ شفاف رجسٹری نظام، ٹیکس وصولی کے مؤثر نظام اور قومی خزانے کے تحفظ کے لئے بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھے گی۔علاوہ ازیں ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلع کونسل کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ان کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لئے مختلف فیصلے کئے گئے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی کہ شہر میں جدید طرز کے بس شیلٹرز کی تنصیب، اہم شاہراہوں پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناقص کارکردگی یا غیر معیاری کام کے مرتکب ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...